قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کےرہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھتہ خوری عروج پر ہے جبکہ صنعتکاروں کے بچے اغواء کئے جارہے ہیں اور کاروباری حلقوں کو ہراساں کرنے کے لئے کریکر دھماکوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کباڑی مارکیٹ سے روزانہ چھ لاکھ روپے بھتہ وصول کیا جارہا ہے جس کے باعث کاروبار کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔ ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی کا کوئی بھی صنعتی علاقہ بھتا مافیا سے محفوظ نہیں اور اس جرم نے باقاعدہ انڈسٹری کی شکل اختیار کرلی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگربھتہ خوری کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو ان کی جماعت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ بھی کرسکتی ہے۔