پاکستان اللہ تعالیٰ کاعطا کردہ وہ خوبصورت خطہ ہے جو ہر طرح کی خصوصیات سے مالا مال ہے۔پاکستان کے تفریحی مقامات دنیا کے بہترین تفریحی مقامات کا مقابلہ کرتے ہیں بلکہ چند مقامات ایسے ہیں جو پوری دنیا میں نہیں ہیں۔بیرون سرمایہ کار اگر پاکستان میں ٹورزم پر توجہ دیں اور سرمایہ کاری کریں تو بہترین نتائج نکل سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات جمیل احمدخان نے دبئی کے صحرا میں آفریدی ٹریول اینڈ ٹورزم کیمپ کے افتتاح کے موقع پرکیا۔سیاحوں کو صحرا کی سیر کرانے کے لئے ڈیزرٹ سفاری کا اہتمام کرنے والی اس کمپنی نے افتتاح کے موقع پر پاکستان کمیونٹی دبئی کے لوگوں اور خاص طور پر میڈیا ورکرز کو خصوصی دعوت دی تھی۔کمپنی کے ڈائریکٹر مسٹر آفریدی نے سفیرپاکستان جمیل احمد خان سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ دبئی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ڈیزرٹ سفاری پر توجہ دیں گے۔ پاکستان کے علاقہ تھرپارکر میں بہترین اورخوبصورت صحرا ہے جہاں دنیاکے خوبصورت اورنایاب جانور بھی پائے جاتے ہیں۔ یہ علاقہ ہر لحاظ سے محفوظ ہے لہٰذا سیاحوں کی توجہ اس طرف دلائی جا سکتی ہے جس سے پاکستان کی معیشت میں اضافہ ہوگا اورزیادہ سے زیادہ سیاح دنیا بھر سے تھرپارکر کا رخ کریں گے۔ پاکستان میں ٹریول اینڈٹورزم کے کاروبارکی خاصی گنجائش ہے لہٰذا پاکستان کی ٹریول اینڈ ٹورزم کمپنیاں بیرون ممالک کے سیاحوں کی توجہ اس طرف مبذول کرائیں جبکہ امارات میں ڈیزرٹ سفاری کا بزنس کرنے والے بھی بیرون ملک سے آئے سیاحوں کو پاکستان کے تفریحی مقامات کے بارے بتا سکتے ہیں۔
پوری دنیامیں ٹریول اینڈ ٹورزم کے کام پر نجی اور سرکاری سطح پر کام ہو رہا ہے اگر پاکستانی تاجر ذاتی دلچسپی لے کر نجی سطح پر پاکستان میں ٹریول اینڈ ٹورزم کے کام پر توجہ دیں تو یہ ملک و قوم کی بڑی خدمت ہوگی۔ ٹورزم کا بزنس بڑھے گا جس سے نجی کمپنیوں کی آمدن ہوگی اور پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی۔ تقریب میں شامل مہمانوں کو ایوان اقبال دبئی کے صدر پرنس محمد اقبال گواریہ نے اعزازی تحائف اور انعامات پیش کئے۔