لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ بھکاری اور کرپشن کے کھلاڑی ملک کی حالت بدلنے کی اہلیت نہیں رکھتے ،چار چار بار اقتدار میں رہنے والے ملک کی حالت سدھارنے کی صلاحیت رکھتے تو آج ہم بحرانوں سے دوچار نہ ہوتے، جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو پاکستان دنیا میں حقیقی اسلامی ریاست کے طور پر ابھرے گا، بے روز گاری، مہنگائی، غربت اور توانائی کے بحران حل کیے جائیں گے‘ محسن قوم ڈاکٹر عبدالقدیرخان کا جماعت اسلامی سے اتحاد جماعت کی قوت میں اضافہ کرے گا‘ جماعت اسلامی نے اپنی شناخت کو بحال کرنے کیلئے اتحادوں کی سیاست کو خیر باد کہہ دیا ہے اب ہم اپنے نشان ترازوپر اپنے پرچم تلے انتخابات میں جائیں گے ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پانچ روزہ مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منور حسن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات کےلئے کاغذات نامزدگی میں جو ترامیم کی ہیں اس پر حکمران ٹولہ اور اپوزیشن جماعتوں کا واویلا یہ ثابت کررہاہے کہ یہ سب جماعتیں کرپشن اور قومی خزانے کی لوٹ مار میں برابر ملوث ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ اس مسئلے پر ڈٹے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں ماموں بھانجے اور چچا بھتیجے کی سیاست کا خاتمہ کئے بغیر قوم خود انحصاری اور خود مختاری کی منزل حاصل نہیں کرسکتی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان پر حکمرانوں کے غیر سنجیدہ رویے نے بلوچوں کو مایوس اور امریکی و بھارتی تخریب کاروں کو بلوچستان میں گھسنے کا موقع دیا، منورحسن نے کہا کہ عوام انتخابات کو جہاد سمجھتے ہوئے تبدیلی کے چیلنج کو قبول کریں۔
اتحادوں کی سیاست کو خیرباد کہہ دیا، اپنے نشان ترازو پر الیکشن لڑینگے: منور حسن
Mar 15, 2013