لانڈھی کے علاقے نیو مظفرآباد کالونی میں مقامی کیبل آپریٹر کے دفتر کے باہر تھیلے میں رکھا بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار طاہر شاہ سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے کیبل آپریٹر کا دفتر بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ دفتر کے باہر کھڑا رکشا اور دو موٹر سائیکل بھی دھماکے سے متاثر ہوئیں۔ ایس ایس پی راجہ عمر خطاب کےمطابق بم ریموٹ کنٹرولڈ تھا جسے قریب سے ہی آپریٹ کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم میں دو کلو سے زائد بارودی مواد، نٹ بولٹ اور بال بئیرنگ بھی استعمال کئے گئے۔ ڈی آئی جی ایسٹ نعیم اکرم بروکا نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کیبل آپریٹر کو کسی قسم کی بھتہ پرچی یا دھمکی موصول نہیں ہوئی تھی تاہم دھماکے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ دھماکہ دیسی ساختہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا تھا۔