کراچی، پرتشدد واقعات میں 4 افراد ہلاک، لیاری میں 3 گینگسٹر مارے گئے

Mar 15, 2014

کراچی (ثناء نیوز)کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں  جمعہ کے روز  بھی  فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 7  افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ لیاری میں گینگ وار کا زوہیب عرف کیپر بھی پولیس کے ہاتھوں مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ریڑھی  گوٹھ، لانڈھی، گارڈن اور یوسف گوٹھ  سے 3  افراد کی نعشیں ملیں۔ لیاری میں آئی ہسپتال کے قریب ایک شخص کوقتل کر دیا گیا جبکہ کورنگی سو کوارٹرز میں نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کر کے ماجد نامی شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ دوسری جانب لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں پولیس کی کارروائی میں مطلوب گینگسٹر زوہیب عرف کبیر ہلاک ہو گیا۔ ایس ایس پی سٹی کے مطابق ملزم جھٹ پٹ مارکیٹ میں بم حملوں میں ملوث اور قتل، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان کی کئی وارداتوں میں بھی مطلوب تھا۔ لیاری میں ہی فائرنگ سے 2  افراد  افضل اور کاشف جاں بحق ہو گئے مرنے والے دونوں افراد کا تعلق بابا لاڈلہ گروپ سے تھا۔ نیو کراچی پولیس نے بلدیہ عظمی کے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ ڈیپارٹمنٹ محمد اسحاق کے قتل میں ملوث ملزم عرفان کو سلیم سینٹر سے جبکہ کھارادر پولیس نے ٹارگٹ کلر عتیق کو جوڑیا مارکیٹ سے گرفتار کر لیا۔ ادھر کھارادر سے پولیس نے سیاسی جماعت کے ایک کارکن کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عتیق نے 2  بھائیوں سمیت 6  افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

مزیدخبریں