لاہور (جواد آر اعوان/ دی نیشن رپورٹ) سب سے اہم ملکی سکیورٹی اداروں کے ارکان متوقع طور پر آئندہ ہفتے ہونیوالے تحریک طالبان کی ٹیم سے مذاکرات کے دوران حکومتی کمیٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ دی نیشن ذرائع کے مطابق حکومت اور طالبان کی کمیٹیوں کے درمیان آئندہ ہفتے ملاقات متوقع ہے جس میں حکومتی کمیٹی کے چار ارکان شریک ہونگے اور سکیورٹی اداروں کے اہم ممبرز ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ خیبر پی کے اور قبائلی علاقوں اور پاکستان افغانستان امور اور صورتحال کی کمانڈ کرنیوالے سینئر خفیہ سروس کے ارکان حکومتی کمیٹی اور طالبان کمیٹی کے مابین بات چیت کی نگرانی کرینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اداروں کے اعلیٰ حکام کی حکومتی مذاکراتی ٹیم میں عدم شمولیت انتہائی سوچ بچار کے بعد ممکن بنائی گئی ہے۔ اہم سکیورٹی اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں نے سیاسی جماعتوں کی تنقید کے بعد مذاکراتی عمل کی قیادت کرنے سے خود کو دور رکھا ہے۔ حکومتی ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ قبائلی علاقوں اور افغان بارڈر پر فرائض انجام دینے والے خفیہ اداروں کے تعاون کے بغیر مذاکراتی عمل میں کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں۔