کابل‘ واشنگٹن (اے پی اے) اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہے کہ نیٹو افواج کی واپسی اور پوست کی بڑھتی کاشت سے یہ خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ افغانستان ایک ایسی ریاست میں تبدیل ہو جائے گا جو اپنے وسائل منشیات کی غیرقانونی تجارت سے پورے کرے گی۔ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں پوست کی کاشت پر قابو پانے کیلئے امریکہ اور بین الاقوامی برادری کے تمام تر مہنگے منصوبوں کے باوجود اس فصل کی کاشت اتنے بڑے پیمانے پر ہو رہی ہے کہ جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع اقوام متحدہ کے جائزے کے مطابق افغانستان میں رواں سال پوست کی کاشت ایک ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ سن 2014ء میں نیٹو افواج کے انخلاء سے قبل مقامی کاشتکار کسی بھی غیرمتوقع صورتحال کیلئے خود کو تیار رکھنا چاہتے ہیں۔ یو این او ڈی سی کی اس رپورٹ کے مطابق کسانوں نے شاید اس وجہ سے پوست کی کاشت بڑھائی ہو کہ نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد پیدا ہونے والی غیریقینی صورتحال میں اپنے مستقبل کو محفوظ بنانا چاہتے ہوں۔