ماڈل ٹائون آپریشن کا حکم نہیں دیا، واقعہ رانا ثنا دیکھ رہے تھے: شہباز شریف

Mar 15, 2015

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوگئے اور حلفیہ بیان ریکارڈ کرایا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ سانحہ ماڈل ٹائون کے سارے واقعہ کو دیکھ رہے تھے، مجھے صبح 9 بجے واقعہ کا علم ہوا جس کے بعد پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر پیچھے ہٹنے کا حکم دیا۔ میں نے کسی کو بیرئیر ہٹانے کی ہدایت نہیں کی تھی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ میں نے کسی کو طاقت کے استعمال کا حکم دیا نہ کسی کو آپریشن کا حکم، جبکہ واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کو اسی وقت عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔ واضح رہے سانحہ ماڈل ٹائون کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم روزانہ کی بنیاد پر واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ اس سے قبل گواہوں اور پولیس اہلکاروں کے بھی بیان ریکارڈ کئے جاچکے ہیں۔ واضح رہے 17 جون 2014ء کو ماڈل ٹائون لاہور میں پولیس کی فائرنگ سے عوامی تحریک کے 14 کارکن جاں بحق ہوگئے تھے۔ واقعہ کیخلاف مقدمہ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ سمیت بعض وفاقی وزراء و دیگر اہم شخصیات کے نام بھی شامل کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئیشہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے جسے احسن طریقے سے نبھارہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صوبے میں فلاح عامہ کے منصوبوں کی تیزرفتاری سے شفاف انداز میں تکمیل یقینی بنا رہی ہے، عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے صوبے کے طول وعرض میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، عوام کی خدمت کا سفر نئے جذبے اور محنت سے جاری و ساری رہے گا۔ منتخب نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اجتماعی بصیرت اور مشترکہ حکمت عملی سے کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ پوری قوم کا متفقہ فیصلہ ہے، دہشت گردی کے خلاف آخری جیت پاکستان اور 18کروڑ عوام کی ہو گی۔ شہبازشریف کی زیرصدارت ایک اور اجلاس میں اشیا ضروریہ ویجی ٹیبل آئل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ ناجائز منافع خوری کی آڑ میں کسی کو عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری داخلہ میجر (ر) عظیم سلیمان خان سے ان کی رہائش گاہ پر جاکر انکے والد کرنل (ر) محمد سلیمان خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں