گھوٹکی (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) متحدہ نے کراچی میں خود آپریشن کا مطالبہ کیا تھا، دہشت گرد جس پارٹی میں ہونگے ہم حمایت نہیں کرینگے۔ خورشید احمد شاہ نے لاکھا ہائوس گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصے کے بعد سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ دہشت گردی میں ملوث کسی پارٹی کو ہم سپورٹ نہیں کرینگے، عمران خان میچور نہیں ہو رہے۔ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے اب تک تحریک انصاف کے استعفوں کو روکے رکھا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت کیلئے دعاگو ہوں۔ اگر تحریک انصاف کے استعفے قبول ہو گئے تو نئی لڑائی شروع ہوجائیگی۔ پی پی کو عمران خان سے کوئی ڈر نہیں کیونکہ انکی پالیسیوں میں سنجیدگی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے جیتنے پر پھولوں کے ہار اور ہارنے پر کھلاڑیوں کے گھر پر حملہ یہ رویہ غلط ہے۔ کھلاڑی کوشش اور محنت کرتے ہیں، کرکٹ بائی چانس ہوتی ہے، تجویز دی تھی کہ وسیم اکرم یا جاوید میانداد کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنا دیا جائے۔