ژوب اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی‘6 دہشتگرد گرفتار‘بھاری اسلحہ برآمد

Mar 15, 2015

ژوب+ ٹانک+ گوادر+ پشاور (آن لائن/ اے این پی/ نوائے وقت رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے ژوب اور گوادر میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے6 دہشت گرد گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردئیے جبکہ گومل میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز سکیورٹی فورسز نے ژوب کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق گرفتار ہونیوالے تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم طالبان سے ہے۔ انکے قبضے سے بھاری تعدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ ٹانک کے علاقے گومل میں پولیس کو کھیتوں میں ایک مشکوک بوری کی موجودگی کی اطلا ع ملی جس پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ بوری کھولنے پر اس سے 7 کلو وزنی بم برآمد ہوا جسے بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے نے ناکارہ بنا دیا۔ ایف سی نے گوادر میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی مردان ریجن نے کامیاب کارروائی کرکے مطلوب دہشت گرد بھتہ خور گرفتار کرلیا ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گرد کے حکام کے مطابق مردان کے نواحی علاقے میں ایک گھر میں کارروائی کرکے ایک بھتہ خور رئوف کو گرفتار کرلیا اور اس سے دستی بم‘ پستول اور کارتوس بھی برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار ملزم کا تعلق اورکزئی ایجنسی سے ہے۔ ملزم بھتہ خوری اور دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ دینہ سے مہ نگار کے مطابق دینہ میں مشکوک افراد سے51 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد  کرلیا گیا۔ ملزمان کو موقع سے گرفتار تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔ تھانہ ڈومیلی پولیس کے ایس ایچ او چوہدر ی محمد افضل کو مخبر نے اطلاع دی کہ ایک مشکوک کار میں 2 افراد ھماکہ خیز مواد لیکر جہلم کی طرف جارہے ہیں جس پر تھانہ ڈومیلی پولیس نے شاہ جھنڈا چوک میں ناکہ لگالیا، جب مذکور ہ مشکوک گاڑی کو روکا گیا تو اسکی تلاشی پر 51 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے دو افراد نصیب واحد ساکن دینہ اور مختاد ساکن چوآ سیدن شاہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ تھانہ ڈومیلی پولیس نے 4/5 ایکسپلور ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ملزمان اہم انکشافات کی توقع ہے۔

مزیدخبریں