لاہور+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) بلوچستان، زیریں سندھ، کراچی اور جنوبی پنجاب کے اکثر علاقوں میں ہفتہ کے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور میں بادل چھائے رہے اور بعض جگہوں پر بوندا باندی بھی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہروں سبی، بولان، لہڑی اور گردونواح میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ مچھ کے قریب سبی سے کوئٹہ جانیوالی ویگن ندی کو کراس کرتے ہوئے پہاڑ سے آنیوالے سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ حادثہ میں ایک مسافر جاں بحق اور 10 شدید زخمی ہوگئے۔ لیویز اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کردیا۔ جاں بحق مسافر کی شناخت نہ ہوسکی۔ اِدھر شدید بارشوں کے باعث تربت سے گوادر اور کراچی کا زمینی راستہ 24 گھنٹے بعد بحال ہو گیا۔ کوئٹہ میں شدید بارش سے سیوریج کا نظام درہم برہم، گلیوں میں اور سڑکوں پر گندا پانی جمع ہوگیا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسکے علاوہ قلات، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ اور نوشکی جبکہ کراچی میں رات گئے بارش ہوئی۔ جنوبی پنجاب کے شہر ڈیرہ غازیخان میں ہفتہ کی شام موسلادھار بارش کا سلسلہ رات تک جاری رہا جس سے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آنے کا خدشہ ہے۔ سبی میں شدید بارش کے باعث دریائے ناڑی میں 12 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گذرا۔ ادھر ملتان میں شیرشاہ روڈ پر نادر آباد عسکری بائی پاس کے قریب چھپڑ ہوٹل کی چھت شدید بارش کے دوران گرنے سے 20 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں، پولیس اور لوگوں نے باہر نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔ علاوہ ازیں ژوب کے علاقے زاروزئی میں ایک گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے ماں اور بچہ جاں بحق ہوگئے۔