ہاکی فیڈریشن کا چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ درست ہے : کوچ قومی ٹیم

Mar 15, 2016

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) قومی ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے کہاہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ درست ہے۔یورپین، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے قومی ہاکی ٹیم کو زیادہ فائدہ ہوگا۔ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ جوہرٹاون ہاکی سٹیڈیم سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم منتقل ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی ٹیمیں اولمپکس کی تیاری کیلئے ایونٹ میں آئیں گی جبکہ پاکستان میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکا ہمیں ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ بھی کھیلناہے میگاایونٹ سے قبل شکست سے کھلاڑیوں کا مورال ڈاون ہونے کا خدشہ تھا۔ قومی ٹیم کیلئے یورپین اور آسٹریلیا جیسی ٹیموں کے خلاف ٹیسٹ میچز کھیلنا زیادہ سود مند ہے کیونکہ یہ ٹیمیں بھارت اور پاکستان سے بہت آگے جاچکی ہیں پاکستان بھارت سیریز کے حوالہ سے ان کا کہنا تھا کہ جو چیزیں ممکن نہیں اس کے بارے بات نہیں کرنا چاہیے۔ سینئرکھلاڑیوں کو آرم دینے کا فیصلہ فیڈریشن کا ہے تاہم سلیکٹرز نے جو کھلاڑی دیئے ہم ان پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اگر ضرورت پڑی تو سنیئر کھلاڑی فراہم کرنے کیلئے سلیکشن کمیٹی سے درخواست کر سکتے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو اذلان شاہ جیسا سخت ٹورنامنٹ ملنا اچھا سائن ہے اس سے کھلاڑیوں کا اصل پوٹینشل نظر آئے گا کہ وہ انٹرنیشنل لیول پرکیسا کھیلتے ہیں جبکہ اس سے ورلڈ لیگ کی تیاری میں بھی مدد ملے گی۔

مزیدخبریں