لندن (اے این این) دنیا بھر میں برطانوی شہریوں کے قتل کے حوالے سے پاکستان خطرناک ممالک میں سرفہرست ہے۔ گزشتہ چار برس میں 37برطانوی شہری پاکستان میں قتل ہوئے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعوی کیا ہے کہ گزشتہ چار برس میں بیرونی دنیا میں 250شہری قتل ہوئے ان میں سے سب سے زیادہ برطانوی شہری پاکستان میں قتل ہوئے۔ جمیکا اور امریکہ بھی برطانوی شہریوں کیلئے خطرناک ثابت ہوئے، اسی مدت میں دونوں ممالک میں چار چار برطانوی سیاح سالانہ کے حساب سے قتل کیے گئے۔ دیگر مقامات میں تیونس میں گزشتہ سال جون میں درجنوں برطانوی سیاحوں کو قتل کردیا گیا۔ پندرہ ممالک جہاں سب سے زیادہ برطانوی شہریوں کا قتل ہوا ان میں دو یورپی ممالک فرانس اورا سپین ہیں جہاں بیس شہریوں کا قتل کیا گیا۔ دفتر خارجہ سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق 2012ء اور 2014ء کے درمیان برطانوی شہریوں کے قتل میں تقریبا 60 فیصد اضافہ ہوا۔ گزشتہ چار برس میں برطانوی شہریوں کے قتل کے حوالے سے جو اعدادوشمار دیئے گئے، ان کے مطابق پاکستان میں 37، تیونس میں 34، جمیکا میں 18، امریکہ میں 15، فرانس میں 14، جنوبی افریقہ میں 11، یوکرائن میں 10، الجیریا اور آسٹریلیا میں سات، سات، بارباڈوس اور افغانستان میں چھ ,چھ، برازیل اور مصر میں پانچ، پانچ، بنگلہ دیش، بھارت اور یوگنڈا میں چار 4، قبرص، ملائیشیا، میکسیکو، مراکش، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو، زیمبیا میں تین تین قتل ہوئے۔