بغیر لائسنس کلاشنکوف رکھنے کے مقدمہ میں مصطفی کانجو کو اشتہاری قرار دیدیا جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی کا آغاز

Mar 15, 2016

لاہور (اپنے نامہ نگار سے ) مقامی عدالت نے بغیر لائسنس کلاشنکوف رکھنے کے مقدمہ میں بیرون ملک فرار ہونے اور عدالتی نوٹسز کی عدم تعمیل پر ملزم سابق وزیر مملکت کے بیٹے مصطفی کانجو کو اشتہاری قرار دےدیا۔ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ اکرم آزاد نے مصطفی کانجو کے خلاف کیس کی سماعت کی، تعمیل کنندہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مصطفی کانجو بیرون ملک فرار ہو چکا اور جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہو رہا جبکہ سرکاری وکیل سید محمد زرغام نے عدالت کو بتایا ملزم مصطفی کانجو کے خلاف تھانہ شمالی چھاﺅنی میں بغیر لائسنس کلاشنکوف رکھنے کا مقدمہ درج ہے۔ ملزم مصطفی کانجو نے اسی کلاشنکوف سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں راہگیر طالبعلم زین جاں بحق ہوا تھا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا زین قتل کیس سے بریت کے بعد سے لے کر آج تک ملزم مصطفی کانجو اس مقدمے میں اپنی بےگناہی ثابت کرنے کے لئے حاضر نہیں ہوا جس پر عدالت نے مصطفی کانجو کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ملزم کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی کا آغاز کرنے کا حکم دیتے ملزم کے نام پر موجود منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔
مصطفٰی کانجو

مزیدخبریں