لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اورسابقہ حکمرانوں کا ایک ہی ایجنڈا رہا ہے کہ قومی خزانے کو لوٹ کر اپنی تجوریاں کیسے بھرنی ہیں۔ بھیس بدل کر عوام کو لوٹنے والا ٹولہ اب قوم کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتا۔کرپشن کے خلاف جو تحریک شروع کی تھی اسے منطقی انجام تک پہنچائینگے۔ گزشتہ روز پشاور میں ورسک روڈ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں نظریہ پاکستان کی جگہ دوسرے نظریات جنم لے رہے ہیں ، حکمران قومیت کے تعصب کو ہوا دے رہے ہیں اور ان حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان سرحدوں کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ سکینڈل میں کسی مزدور اور کسان کا نہیں حکمرانوں کے نام ہیں، آف شور کمپنیاں ہمارے ملک کے سرمایہ داروں نے بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی سخت وقت آیا تو اقتدار پرقابض ٹولہ ملک چھوڑ کر بیرون فرار ہو جاتا ہے۔ یہ صرف ملک پر حکمرانی کے لیے پاکستان آتے ہیں ورنہ ان کی جائیدادیں اور کاروبار بیرون ملک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج پشتونوں کے خلاف پنجاب اور سندھ میں دہشتگردی کی آڑ میں مہم چلائی جارہی ہے حکمرانوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ آزاد کشمیر انہی پشتونوں نے آزاد کرایا تھا اور یہ لوگ مغربی سرحد کے محافظ ہیں۔