لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پری بجٹ بحث میں اپوزیشن کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے اُنھیں ایوان تک لانا اور بحث میں مزید توسیع کا اعلان خوش آئند ہے۔ بجٹ ایک اہم پالیسی دستاویز ہے جو اتفاق رائے سے تشکیل دی جانی چاہئے۔ منتخب اراکین عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کی وجہ سے بجٹ سازی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اُن کی آراء عام آدمی کی ضروریات کی نمائندگی کرتیں ہیں جو حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہیں۔ حزب اقتدار و حزبِ اختلاف دونوں کو اپنے سیاسی اختلافات و مفادات کو پسِ پشت ڈال کر عوامی بہبود کی خاطر بجٹ سازی کے عمل میں بھرپور حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبائی نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کیا۔