لاہور (خصوصی رپورٹر + نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈی ایس پی ملک اعجاز کے بیٹوں کی جانب سے شہری پر فائرنگ اور ڈرانے و دھمکانے کے واقعہ پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایس پی کومعطل کرنے کاحکم دیا ہے۔ ملک اعجاز کے بیٹوں علی اور بلال کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تھانے میں بند کردیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی پولیس ملک اعجاز کے بیٹوں ملک بلال اعجاز اور ملک علی اعجاز کے جانب سے وقار نامی شہری پر فائرنگ کرنے اور اسے ڈرانے دھمکانے کی خبریں میڈیا پر چلنے پر شہباز شریف نے نوٹس لیا۔ پولیس نے ملزموں کے خلاف ہوائی فائرنگ، خواتین کو تنگ کرنے اور شہری پر تشدد کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ جبکہ آئی جی پنجاب پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے فائرنگ کے واقعہ میں ملوث دونوں بیٹوں کی پشت پناہی کرنے والے ڈی ایس پی ملک اعجاز کو معطل کردیا ہے۔ مزید براں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گزشتہ روزکڈنی انسٹی ٹیوٹ ملتان کا اچانک دورہ کیا اور یہاں دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر اور ڈائلسز سنٹر کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں صفائی کی صورت حال کا بھی جائز ہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ایکسرے روم میں گندی چادر دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا اور سی ٹی سکین روم میں غیر تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔ انہو ںنے لانڈری پلانٹ کی تنصیب کیلئے گیس کی فراہمی میں تاخیر پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا لانڈری مشین کیلئے گیس کی فراہمی یقینی نہ بنانا افسوسناک ہے۔ ہسپتال میں منعقدہ اجلاس کے دوران پریزنٹیشن کے نہ چلنے پر بھی ناراضی کا اظہار کیا او رہسپتال کے ایم ایس و انتظامیہ کی سرزنش کی -انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی سرمایہ کاری مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے کی گئی ہے اور عام آدمی کو سہولتوں کا نہ ملنا کہاں کا انصاف ہے؟ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہا جوہسپتالوں کو شفا خانے نہیں بنا سکتے وہ اپنے گھروں کو چلے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ ہسپتالوں میں علاج معالجے کو بہتر سے بہتر بنانا میرا مشن ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایکسرے مشین کیلئے یو پی ایس نہ لگانے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ایکسرے مشین کیلئے یو پی ایس نہ لگانا مریضوں سے سنگین مذاق ہے۔ دورے کے دوران بعض مریضوں سے دوائی کے پیسے لینے کی شکایت سامنے آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مریضوں کے مفت علاج کا حکم دیا۔ بعدازاں شہبازشریف نے چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان کا اچانک دورہ کیا اور چلڈرن ہسپتال کی تعمیر ہونے والی نئی عمارت کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے تعمیراتی کام میں بعض غیر معیاری تعمیر پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے چھتوں کی سیلنگ معیاری نہ ہونے پر تشویش کا بھی اظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے۔ نشتر میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جارہاہے اور اس میں تعلیمی سہولتوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ نشتر ہسپتال کے توسیع منصوبے کے لئے زمین خرید لی گئی ہے اور بجٹ میں فنڈ مختص کر دئیے جائیں گے۔ سرکاری ہسپتالوں کو پرائیویٹائز کرنے کے حوالے سے پوچھے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کو پرائیویٹائز کرنے کا تاثر بالکل غلط ہے، بعض ہسپتالوں کے انتظامی امور این جی اوز کے حوالے کئے جا رہے ہیں جنہیں حکومت پنجاب فنڈز فراہم کرتی ہے اور یہ این جی اوز سرکاری ہسپتالوں سے بہتر طو رپر ان ہسپتالوں کو آپریٹ کر رہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں صحت کے بہت سے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں ڈیرہ غازی خان میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن، گورنمنٹ رجب طیب اردگان ہسپتال کی توسیع و میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر اور ساہیوال میں میگا ہسپتال کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ کے انتظامی امور غیر سرکاری سماجی تنظیم انڈس ٹرسٹ کے حوالے کئے گئے ہیں جنہیں حکومت پنجاب بجٹ فراہم کرتی ہے-یہ ادارہ مذکورہ ہسپتال کومثالی طو رپر چلا رہاہے۔ ہمارا مقصد عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے اس کے لئے ہر مثبت قدم اٹھایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے بتایاکہ چلڈرن کمپلیکس ہسپتال ملتان کے توسیع منصوبے کے فعال ہونے سے جنوبی پنجاب کے شہریوں کو لیور ٹرانسپلانٹ،بچوں کے دل کے بائی پا س اور بون میرو آپریشن کی سہولیات میسر آئیں گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس میں کڈنی سینٹر اور چلڈرن ہسپتال ملتان کے دورہ کے دوران سامنے آنے والے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے دونوں ہسپتالوں کے ٹیکنیکل، فنانشل، سول ورکس کا مکمل آڈٹ کرانے کا حکم دیا۔ انہوںنے ہسپتالوں کیلئے خریدی گئی مشینری اور دیگر معاملات کی انکوائری وزیر اعلی معائنہ ٹیم کے ذریعے کرانے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے ملتان میں بنائے، دونوں ہسپتالوں کی ابتر صورتحال دیکھ کر دلی دکھ ہوا۔ ہسپتالوں کے لئے خریدی جدید مشینری کا ڈبوں میں بند ہونا قابل افسوس ہے۔ دونوں ہسپتالوں کے لئے کی گئی اربوں روپے کی سرمایہ کاری کسی صورت ضائع نہیں ہونے دوں گا۔ انہوںنے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو فوری ملتان پہنچ کر دونوں ہسپتالوں کے امور بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق بھی ملتان موجود رہیں اور دونوں ہسپتالوں کے امور کو بہتر بنائیں۔ تمام ڈپٹی کمشنرز بھی ہسپتالوں کی صورتحال میں بہتر ی لانے کیلئے دورے کریں۔ شہبازشریف نے ملتان کے دورہ کے دوران کور کمانڈرملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار سے ملاقات کی اوران سے پیشہ ورانہ امور، سکیورٹی معاملات اور آپریشن ردالفساد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین کیا۔ شہباز شریف اور کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستارکی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹر ملتان میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں چھٹی خانہ و مردم شماری کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے شرکاء نے مردم شماری کے لئے کئے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ کوگیریژن پبلک لائبریری کے منصوبے پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغا م میں محمد شہباز شریف نے کہا پاکستان کے آئین کے تحت صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور پنجاب حکومت صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔