زبردستی مذہب تبدیل کرانا جرم جنت دوزخ کا فیصلہ ہماراکام نہیں :نوازشریف

کراچی (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ زبردستی مذہب تبدیل کرانا جرم ہے، ہمیں لوگوں کیلئے جنت اور دوزخ کا فیصلہ نہیں کرنا بلکہ ملکر دنیا کو جنت بنانا ہے، تعمیر وطن کرنے والوں کا تخریبی قوتوں سے مقابلہ ہے پاکستانی عوام نے ہمیشہ نفرت اور فساد کو مسترد کیا، ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں پر سب کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔ کراچی میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار ’’ہولی‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہندو برادری کی فلاح و بہبود کیلئے 50 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میری طرف سے آپ کو بہت بہت ہولی مبارک ہو۔ ہر مذہب اپنے تہواروں اور تعلیمات کے ذریعے اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ انسانوں کو کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے اگر کسی وقت حالات اچھے نہیں ہوتے تو آنے والا کل ضرور سازگار ہوتا ہے اور آخری فتح ہمیشہ ان کی ہوتی ہے جو حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ معیشت کی شاخ پر بھی بہار آ رہی ہے ساری دنیا اس کا اعتراف کر رہی ہے کہ ایشیا میں سب سے تابناک مستقبل پاکستان کا ہے۔ کچھ لوگوں نے مذہبی اختلاف کو پاکستان کی کمزوری بنانا چاہا، کبھی اسلام اور کبھی پاکستان کی تاریخ کو استعمال کیا گیا، یہ ایک بے بنیاد مقدمہ تھا۔ نہ تو اسلام مذہبی اختلاف کی بنیاد پر کسی امتیاز کا قائل ہے اور نہ پاکستان اس کے لیے بنا تھا کہ کسی ایک مذہب کے ماننے والوں کو دوسرے مذاہب کے ماننے والوں پر ترجیح دی جائے۔ اسلام دنیا میں انسانوں کو ایک نظر سے دیکھتا ہے اسلام وسائل یعنی دولت کی تقسیم انسانی حقوق کی پاسداری اور قانون کے نفاذ کے بارے میں کسی امتیاز کا قائل نہیں ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے۔ پیغمبروں نے دین کی دعوت دی لیکن کسی پر زور یا زبردستی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اسلام کے اسی تصور پر مبنی ہے وہ سب شہریوں کو ایک جیسے حقوق دیتا ہے۔ جو لوگ مذہب کی بنیاد پر شہریوں کے حقوق میں فرق کرتے ہیں وہ مذہب کی درست تعبیر نہیں کرتے اور نہ ہی آئین پاکستان کی پاسداری و پابندی کرتے ہیں۔ پاکستان میں اگر کوئی جھگڑا ہے تو امن اور فساد کی قوتوں کے درمیان جھگڑا ہے استحکام اور بد امنی کے علمبرداروں کے درمیان جھگڑا ہے، ترقی کے حامیوں اور ترقی کے مخالفین کے درمیان جھگڑا ہے۔ ایک طرف وہ لوگ ہیں جو نوجوانوں کا مستقبل سنوارنا چاہتے ہیں اور دوسری طرف وہ لوگ ہیں جو نوجوانوں کے جذبات کا استحصال کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک طرف وہ ہیں جو تعمیر وطن پر یقین رکھتے ہیں اور دوسری طرف وہ ہیں جو تخریب چاہتے ہیں۔ پاکستانی بن کر سوچنا ہوگا، دنیا کے تمام مذاہب انسانوں کا احترام سکھاتے ہیں۔ قرآن میں لکھا ہے کہ آپ کسی کے مذہب کو برا مت کہیں سب پیغمبروں اور کتابوں پر یقین کرنا ہوگا تب آپ مسلمان کہلائیں گے۔ پاکستان کے عوام نے فساد کو مسترد کیا ہے۔ اقلیتوں کے تحفظ اور جرائم پیشہ افراد کے سدباب کے لیے سخت قوانین بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کراچی میں صاف پانی اور گرین لائن منصوبوں میں تعاون کر رہا ہے۔ انشاء اﷲ حیدر آباد جاکر وہاں کے پروگراموں کا اعلان کروں گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) میں شامل کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملک کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے، بہت سے کاموں میں ہم نے صوبائی حکومت کی ذمہ داریاں بھی خود ادا کی ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ سندھ کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا سرکلر ریلوے کو سی پیک منصوبے میں شامل کیا جا چکا ہے، جلد تعمیر شروع کر دی جائے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے ’’کے 4‘‘ کیلئے وفاق 50 فیصد رقم دے گا۔ وزیراعظم نے کراچی میں ٹریفک اور صفائی کے نظام پر اظہار تشویش کیا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کراچی سمیت سندھ بھر سے الیکشن میں حصہ لے گی۔ کراچی کے امن کو بحال کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں امن کا وعدہ پورا کردیا، اللہ امن کو نظر لگنے سے بچائے۔ انہوں نے کہا کہ میں عاجز سا بندہ ہوں خود کو حکمران نہیں سمجھتا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نوازشریف نے تاجروں سے ملاقات میں کراچی کی ترقی کیلئے 5 ارب روپے کا پیکیج دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میگا سٹی ہے، اس میں میگا منصوبے شروع کریں گے۔ کراچی میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ قیام امن کیلئے سکیورٹی اداروں کا کردار قابل ستائش ہے۔ عالمی سرمایہ کار اور کمپنیاں پاکستان میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے حضور پاک حضرت محمدﷺ سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ یہ ہمارے دین کی اساس ہے۔ حضورﷺ کی شان میں کسی طرح کی بھی گستاخی نا قابل معافی ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی سطح پرکوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ حقیقت نہیں بھولنی چاہئے کہ حضرت محمدؐ پوری انسانیت کے محسن ہیں۔ ناموس رسالت کے بارے میں مسلمانوں کی شدید حساسیت کا احترام کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد امت مسلمہ کے جذبات سے کھیلنے کی ناپاک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا اس مواد کو فوری ہٹانے اور اس کا راستہ روکنے کے لئے فوری طور پر موثر اقدامات کئے جائیں۔ تمام متعلقہ ادارے اس طرح کا مواد پھیلانے والوں کا سراغ لگانے اور انہیں قانون کے مطابق کڑی سزا دلانے کیلئے متحرک ہو جائیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کرغزستان سے اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ وہ کرغزستان کی پارلیمنٹ کے سپیکر کی قیادت میں وفد سے بات کررہے تھے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچیں گے جہاں انہیں گوادر سمیت دیگر علاقوں میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سی پیک کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...