اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے سینئر صحافی و روزنامہ نوائے وقت اسلام آباد کے چیف رپورٹر محمد نواز رضا کو ’’پرائیڈ آف پرفارمنس‘‘ کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے جو 23 مارچ کو صدر مملکت ممنون حسین ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب میں دیں گے۔ محمد نواز رضا نوائے وقت کیساتھ پچھلے 38 سال سے وابستہ ہیں اور مختلف حیثیتوں سے کام کر چکے ہیں۔ راولپنڈی و اسلام آباد پریس کلب کے مسلسل 16 سال تک صدر رہے۔ اس وقت پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر ہیں وہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے مختلف سالوں میں بھی صدر کے منصب پر فائز رہے۔ وہ پچھلے کئی سالوں سے پارلیمنٹ کی کوریج کر رہے ہیں اور پولیٹیکل تجزیہ کار اور کالم نویس کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں۔