لاہور (نمائندہ سپورٹس )پاکستان سپر لیگ کے میچ میںلاہور قلندر ز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو17رنز سے شکست دیدی۔دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز نے فخر زمان کی شاندار بلے بازی کے نتیجے 4 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنا ئے۔ فخر زمان اور اینٹن ڈیوکیچ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم راحت علی نے 43 کے سکور پر ڈیوکیچ کو آؤٹ کرکے لاہور کو پہلا نقصان پہنچایا۔آغا سلمان آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے جو صرف ایک رن بنانے کے بعد میرحمزہ کا نشانہ بنے۔کپتان برینڈن میکلم نے 73 رنز کے مجموعے تک فخر زمان کا ساتھ دیا لیکن انھیں حسان خان نے آؤٹ کے لاہو ر قلندرز کی تیسری وکٹ گرادی۔فخرزمان نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا تاہم وہ سنچری مکمل نہ کرسکے مگر ٹیم کو ایک اچھا مجموعہ ترتیب دینے کی پوزیشن دلا دی۔ فخرزمان 141 کے مجموعی سکور پر 94 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے‘انہوں نے رواں ایونٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی کھیلی۔گلریز صدف اور سنی نارائن نے اچھی شراکت قائم کی اور ٹیم کو مقررہ اوورز 4 وکٹوں پر 186 رنز کا مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا۔لاہور قلندر ز نے رواں ایونٹ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ بھی تشکیل دیا۔گلریز صدف 42 اور سنیل نارائن 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے راحت علی سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوورز میں 51 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی۔انور علی ‘میر حمزہ اور حسان خان نے بھی ایک ایک کھلاڑ ی کو آئوٹ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 52رنز کا آغا زملا تاہم بعد میں آنے والے بلے باز اسے جاری نہ رکھ سکے اور وقفہ وقفہ سے پویلیٹ لوٹتے رہے ۔ جیسن رائے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغا زکیا ۔ 52کے مجموعی سکور پر شین واٹسن بارہ رنز بناکر چلتے بنے ۔ چھپن کے سکور پر جیسن رائے بھی چھتیس رنز بناکر ہمت ہار گئے ۔ کیون پیٹرسن کا بلا بھی نہ چلا اور صرف گیارہ رنز بناکر بولڈ ہو گئے ۔ رمیز راجہ جونیئر کی اننگز کا خاتمہ بھی صرف سات رنز پر ہو گیا ۔ ریلی روسو 42‘انورعلی چار رنز بناکر پویلین لوٹے ۔ کپتان سرفراز احمد28اور محمد نواز 19رنز پر ناقابل شکست رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6وکٹوں پر 169رنز بناسکی ۔ سنیل نارائن اور یاسر شاہ نے دو دو جبکہ شاہین آفریدی اور میکلیگھن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ لاہور قلندرز نے عمر اکمل کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں منتخب نہیں کیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیسن روئے اور حمزہ میر کو شامل کیا۔یہ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے کوئی اہمیت نہیں رکھتا کیونکہ وہ پہلے ہی پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی تھی جبکہ لاہو ر قلندرز پلے آف مرحلہ سے باہر ہوچکی تھی ۔