ملتان، پشاور میں تباہی کے منصوبے ناکام، 3 دہشتگرد گرفتار، بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

Mar 15, 2018

ملتان + پشاور (کرائم رپورٹر+ بیورو رپورٹ) سی ٹی ڈی نے ملتان میں تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جن سے دستی بم و اسلحہ بھی برآمد ہوا ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو اطلاع ملی کہ پرانا شجاع آباد روڈ پر کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد موجود ہیں جو کہ تباہی کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس پر سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیم نے چھاپہ مار کر تین دہشت گردوں عدیل ارشاد، خرم اور اسرار یوسف کو گرفتار کر لیا جن کے قبضہ سے 4 دستی بم اسلحہ و بھاری مقدار میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں بم ڈسپوزل سکوارڈ نے موقع پر پہنچ کر دستی بم ناکارہ بنا دیئے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق پشاور پولیس نے تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے قبرستان سے خودکش جیکٹ اور دیسی ساختہ بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا۔ ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال کے مطابق گزشتہ روز اطلاع ملی کہ ارمڑ قبرستان میں ایک مشکوک چیز پڑی ہے۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کردیا اور فوری طور پر بم ڈسپوزل یونٹ عملے کو طلب کرلیا جنہوں نے مشکوک چیزوں کو خودکش جیکٹ اور دیسی ساختہ بم قرار دے کر ناکارہ بنا دیا۔ ایس ایس پی آپریشن کے مطابق مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ تخریب کار مذکورہ جیکٹ اور بم سخت سکیورٹی کے باعث شہر منتقل نہ کرسکے اور انہیں قبرستان میں رکھ کر فرار ہوگئے۔

مزیدخبریں