57 وزیراعظم عمران، 56 فیصد شہریوں کا حکومت کی کارکردگی پر اظہار اطمینان

Mar 15, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ آن لائن ) آئی آر آئی کے زیراہتمام نیا پاکستان سروے میں بڑی تعداد نے پی ٹی آئی حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ سروے میں وزیراعظم عمران خان پر 57 فیصد لوگوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔ عوامی رائے میں پی پی پی اور مسلم لیگ ن دور دور تک پی ٹی آئی کے قریب نہیں۔ جبکہ 83 فیصد شہریوں نے گزشتہ سال جولائی میں عام انتخابات کے آزادانہ اورغیرجانبدارانہ انعقاد پر بھی اطمینان ظاہر کیا ہے ۔ یہ بات انٹرنیشنل ری پبلکن انسٹی ٹیوٹ سینٹر برائے انسائیٹ کی طرف سے کرائے گئے ایک سروے میں سامنے آئی ہے ۔ مجموعی طورپر56 فیصد شہریوں نے حکومت کی کارگردگی پراطمینان کااظہارکیاہے۔ اس سروے میں مجموعی طورپر 66 فیصد شہریوں نے حکومت کو انتخابی مہم میں کئے گئے وعدوںکو عملی شکل دینے کیلئے ایک سال سے لیکر دوسال تک کا وقت دینے کی حمایت کی ہے۔ 39 فیصد شہریوں نے مہنگائی، 18 فیصد نے غربت اور15 فیصد نے بے روزگاری کو ملک کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیاہے‘18 سال سے لیکر 35 سال تک کے عمر کے 77 فیصد رائے دہندگان نے رائے دی ہے کہ روزگارکے مواقع نہ ہونا پاکستانی نوجوانوں کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔آئی آر آئی کی علاقائی ڈائریکٹر برائے ایشیاء جوہانا کانے بتایا کہ سروے کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ حکومت کی کارگردگی حکومت کی جانب سے اقتصادی مسائل کے حل کیلئے اقدامات سے جانچی جائیں گی۔ کمزوراقتصادی حالات بیشتر پاکستانیوں کیلئے باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کودرپیش اقتصادی مشکلات کے باوجود پاکستان کی نئی حکومت اوروزیراعظم پرلوگوں کے اعتماد کی سطح بلند ہے۔ پنجاب کی حکومت پر 58 ، سندھ کی حکومت پر 30 فیصد، خیبرپی کے کی حکومت پر 58 اور بلوچستان کی حکومت کی کارکردگی کو 54 فیصد رائے دہندگان نے اچھا قرار دیا ہے۔ 21 فیصد نے 5 ملین گھروں کی تعمیر اور 11 فیصد نے غربت کے خاتمے کو پاکستان تحریک انصاف کے اہم انتخابی نعرہ قرار دیا ہے۔ قومی اسمبلی کے ارکان پر 53 فیصد جبکہ صوبائی اسمبلی کے ارکان کی کارکردگی پر 54 فیصد رائے دہندگان نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ سروے میں 38 فیصد رائے دہندگان نے تحریک انصاف کو پسند کرنے، مجموعی طور پر 67 فیصد رائے دہندگان نے تحریک انصاف کے لئے پسندیدگی کا اظہار کیا۔ 19 فیصد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو زیادہ پسند کرنے، 22 فیصد نے کسی حد تک پسند کرنے جبکہ 28 فیصد رائے دہندگان نے اس کے لئے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ 16 نے پیپلزپارٹی کے لئے زیادہ پسندیدگی جبکہ 21 فیصد نے ایک حد تک پسندیدگی کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں