کراچی(رپورٹ: منیر احمد بھٹی): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 4 کے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیکر ٹورنامنٹ سے آؤٹ کر دیا۔نیشنل اسٹڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 162 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا۔قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگز کی ٹیم نے اپنے 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے۔ ان کی جانب سے اوپنر کولن منرو نے 32 رنز اور بابر اعظم نے 42 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ لیم لیونگ سٹون نے 30 رنز کیے۔جب دس اوورز کے بعد کراچی کنگز کا سکور ایک وکٹ پر 100 رنز تھا تو اس موقع پر لگ رہا تھا کہ ان کی ٹیم 200 رنز کے قریب سکور لے جائے گی لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کی بولرز نے انتہائی زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے کم بیک کیا اور اگلے دس اوورز میں صرف 61 رنز دے کر آٹھ کھلاڑی آؤٹ کر دیے۔اسلام آباد کی جانب سے محمد موسی سب سے کامیاب بولر تھے جنھوں نے 42 رنز دے کر تین وکٹیں لیں۔ اس کے علاوہ فہیم اشرف نے بھی 30 رنز کے عوض تین آؤٹ کیے۔کراچی کنگز نے انتہائی جارحانہ آغاز کیا اور کولن منرو کی اننگز کی بدولت پاور پلے کے اختتام پر 78 رنز بنا کر پی ایس ایل کی تاریخ میں بنائے گئے سب سے زیادہ سکور کا ریکارڈ برابر کر دیا۔لیکن اس کے بعد کراچی کنگز کی مشکلات میں آہستہ آہستہ اضافہ شروع ہونے لگا۔کراچی کی جانب سے کولن منرو نے دھواں دھار آغاز کیا اور اسلام آباد کے کپتان محمد سمیع کو ان کے پہلے اوور میں تین چوکے لگائے۔اگلے اوور میں رمان رئیس کے ساتھ بھی یہی حشر ہوا اور انھیں منرو نے دو اور بابر اعظم نے ایک چوکا لگایا۔تیسرے اوور میں فہیم اشرف آئے تو ان کے ساتھ بھی یہی سلوک ہوا اور بابر نے ایک اور منرو نے دو چوکے لگائے۔دسویں اوور میں کراچی کنگز نے ٹیم کے سو رنز مکمل کر لیے لیکن اگلے ہی اوور میں شاداب خان نے لیم لیونگ سٹون کو 30 رنز پر کیچ آؤٹ کرا دیا۔ٹورنامنٹ کے سب سے کامیاب بیٹسن کولن انگرام کے آنے کے بعد کراچی کو امید بنی کے شاید وہ بابر اعظم کے ساتھ لمبی شراکت قائم کریں گے لیکن 12ویں اوور میں رمان ریئس نے بابر کو 42 رنز پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر دیا جس کے لیے امپائر ریویو کی مدد لینے پڑی۔جب 16ویں اوور کے لیے محمد موسی آئے تو انھوں نے ایک بار پھر پہلی گیند پر چھکا کھانے کے بعد اگلی گیند پر ٹورنامنٹ کے سب سے کامیاب بلے باز انگرام کو 23 رنز پر آؤٹ کر دیا اور اس کے تین گیند بعد افتخار احمد بھی ایک رن بنا کر انھی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ محمد موسیٰ نے اپنے سپیل میں 42 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔کراچی کنگز کی دوسری وکٹ 102 رنز پر اس وقت گری جب لونگ اسٹون 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پھر جلد ہی بابراعظم بھی 42 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کراچی کا کوئی بھی کھلاڑی اسلام آباد کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا سکی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے موسیٰ خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فہیم اشرف نے دو جب کہ رومان رئیس اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم تھا اور کراچی کنگز ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ گزشتہ روز کی فاتح اسلام آباد یونائٹیڈ جمعہ کو پشاور زلمی ٹکرائے گی۔
پاکستان کا میلہ جاری: اسلام آباد نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو پی ایس ایل سے باہر کر دیا
Mar 15, 2019