کرونا سے نمٹنے کیلئے عوام ساتھ دیں: عثمان بزدار

Mar 15, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہی کرونا وائرس سے نمٹنے کا موثر ذریعہ ہے۔ پنجاب حکومت نے موثر اور بروقت اقدامات کئے ہیں۔ تعلیمی اداروں، شادی ہالوں اور سینما گھروںکو بند رکھنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔ عوام ’’پرہیز علاج سے بہتر ہے‘‘ کے اصول پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں۔ عثمان بزدار نے اپنا ہیلی کاپٹر کرونا ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر محکمہ صحت کے حوالے کر دیا ہے۔ محکمہ صحت متعلقہ امور کی انجام دہی کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال کرسکے گا۔ وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر پر ضروری طبی امداد کیلئے ادویات، آلات اور کٹس بھی جلد از جلد منتقل کی جاسکیں گی۔ مریضوں کی منتقلی کیلئے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ سردار عثمان بزدار نے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ صارفین کے حقوق کا تحفظ تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ عثمان بزدار نے ڈاکٹر مبشر حسن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں