حیدرآباد (نامہ نگار) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا ہے کہ یہ چیمبر ضلع حیدرآباد کی بزنس کمیونٹی کی لائیسنس یافتہ واحد ٹریڈ باڈی ہے۔ یہ چیمبر باقاعدہ ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013ء کے تحت ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز، وزارت صنعت و تجارت ، حکومت پاکستان (ریگولیٹر) کی جانب سے لائیسنس رکھتا ہے اور تاجروں اور صنعتکاروں کی ممبر سازی کرنے اور اُن کی تجدید (renewal) کرنے کا مجاز ہے۔ لہٰذا تمام اراکین جنہوں نے ابھی تک اپنی ممبرشپ کی تجدید نہیں کرائی ہے وہ تجدید فیس، ریٹرن کی کاپی اور ٹیکس پیئر رجسٹریشن سرٹیفیکٹ کی نقول جمع کرا کر اپنی ممبرشپ کی 31، مارچ 2020ء سے قبل تجدید کرالیں اور جنہوں نے ابھی تک اِس چیمبر کی ممبرشپ حاصل نہیں کی ہے وہ ممبرشپ حاصل کرلیں۔ واضح رہے کہ یہ چیمبر قانونی طور پر تاجر و صنعتکاروں کی ہر فورم پر نمائندگی کا حق رکھتا ہے جبکہ دوسری کسی ایسوسی ایشن یا چیمبر کو یہ حق حاصل نہیں ہے۔
حیدرآباد اسمال ٹریڈڑز واحد لائیسنس یافتہ ٹریڈ باڈی ہے، دولت رام لوہانہ
Mar 15, 2020