متحدہ عرب امارات:سینما، نائٹ کلب،کنسرٹس اور شادی کے اجتماعات پر پابندی

متحدہ عرب امارات میں شامل دبئی نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اتوار 15 مارچ سے اس ماہ کے آخرتک تمام تفریحی سرگرمیوں اور شادی کے اجتماعات پر پابندی عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دبئی کی حکومت کے میڈیا دفتر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ نائٹ کلبوں ، سینماگھروں میں سرگرمیاں اور کنسرٹس کا انعقاد مارچ کے آخر تک معطل کیا جارہا ہے۔قبل ازیں امارت ابوظبی نے سیاحوں کی پسندیدہ سیرگاہ لوفرے میوزیم اور تھیم پارک کو کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ۔ابو ظبی نے سینما گھروں کو پہلے ہی بند کردیا ۔متحدہ عرب امارات نے اب تک کرونا وائرس کے 85 کیسوں کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ ان میں 23 افراد صحت یاب ہورہے ہیں۔یواے ای نے کرونا وائرس پھیلنے کے بعد سے کئی ایک اقدامات کیے ہیں،ملک میں اسکولوں اور جامعات کو عارضی طور پر بند کردیا ہےاور اب آن لائن تدریسی سرگرمیاں جاری ہیں۔اس کے علاوہ بار، نائٹ کلبوں اور بعض مشہور سیاحتی مقامات کو بھی بند کیا جاچکا ہے۔متحدہ عرب امارات نے حفظِ ماتقدم کے طور پر شام ، عراق ، لبنان اور ترکی کے لیے 17 مارچ سے اپنی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور غیرملکیوں کو ویزے کے اجراءپر بھی پابندی عاید کردی ہے۔

ای پیپر دی نیشن