پی ایس ایل: لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 9 وکٹوں سے ہرا کر پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی 

Mar 15, 2020 | 17:31

چودھری اشرف

لاہور(چودھری اشرف) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 29 ویں لیگ میچ میں لاہور قلندرز  نے ملتان سلطان کو 9 وکٹوں سے ہرا کر پہلی مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس میچ میں ملتان سلطانز نے خوشدل شاہ کی نصف سنچری کی بدولت پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 186 رنز سکور کیے ۔ ملتان کی جانب سے خوشدل شاہ نے ناقابل شکست 70 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود نے 42، روی بوپارہ نے 33 اور روحیل نذیر نے 24 (ناٹ آوٹ) رنز بنائے۔ جواب میں لاہور قلندرز نے کرس لین کی ناقابل شکست سنچری 113 رنز اور فخر زمان کی 57 رنز کی اننگز کی بدولت ہدف 18.5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان کی جانب سے معین علی اور ذیشان اشرف نے اننگز کا آغاز کیا۔ ملتان کو پہلے ہی اوور میں معین علی کی وکٹ کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جب شاہین شاہ آفریدی نے انہیں یارکر کے ذریعے کلین بولڈ آوٹ کر دیا۔ معین علی نے ایک سکور بنایا۔ لاہور کو جلد ہی دوسری وکٹ ذیشان اشرف کی صورت میں ملی جب محمد حفیظ نے ذیشان اشرف کو شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرا کے پویلین کی راہ دکھائی۔ تین پر دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شان مسعود اور روی بوپارہ نے دفاعی انداز اپنایا تاکہ لاہور قلندرز کو مزید کوئی وکٹ نہ دی جائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 77 رنز بنائے۔ ملتان کا سکور 79 پر پہنچا تو اس موقع پر شان مسعود 42 رنز بنا کر ڈیوڈ ویزے کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ 90 کے سکور پر چوتھی وکٹ روی بوپارہ کی گری جو 33 رنز بنا کر ڈیوڈ ویزے کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ اسد شفیق صرف اک رن بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔ خوشدل شاہ اور روحیل نذیر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 5.5 اوورز میں 74 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ ملتان کا سکور 165 پر پہنچا تو اس موقع پر روحیل نذیر 17 گیندوں پر 24 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ اس سے قبل ان کا ساتھ دینے والے خوشدل شاہ نے 22 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ خوشدل شاہ نے اپنی نصف سنچری میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اوورز کے کھیل میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز سکور کیے۔ خوشدل شاہ نے 29 گیندوں پر ناقابل شکست 70 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ علی شفیق ایک رن کے ساتھ ناٹ آوٹ تھے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے باولنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے دو دو جبکہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا۔ فخر زمان نے اپنی نصف سنچری 26 گیندوں پر 6 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔ ٹورنامنٹ میں ان کی یہ دوسری نصف سنچری ہے۔ 8.5 اوورز میں لاہور قلندرز کا سکور 100 پر پہنچا تو اس موقع پر فخر زمان عثمان قادر کو کریز سے باہر نکل کر بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر ذیشان اشرف کے ہاتھوں سٹمپ آوٹ ہو گئے۔ فخر زمان نے 35 گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ پاکستان سپر لیگ میں ڈیبیو کرنے والے عثمان قادر نے اپنے پہلے ہی میچ میں وکٹ حاصل کرنے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔ لاہور قلندرز کے کرس لین نے ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی سنچری سکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 52 گیندوں پر 12 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری سکور مکمل کی۔ ٹورنامنٹ کی مجموعی طور پر تیسری سنچری تھی ,اس سے قبل کامران اکمل اور رائیلی روسو کو ٹورنامنٹ میں سنچریز کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ لاہور قلندرز نے 18.5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 191 رنز بنا کر میچ 9 وکٹوں سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ کرس لین نے 55 گیندوں پر بارہ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 113 رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھ کپتان سہیل اختر 19 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ ملتان سلطان کی جانب سے واحد وکٹ عثمان قادر نے حاصل کی۔ لاہور قلندرز کا سیمی فائنل میں کراچی کنکگ کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔

مزیدخبریں