آوارہ اور پاگل کتوں کی بہتات شہریوں کی زندگیوں کو خطرہ‘ مفتی قاسم فخری

کراچی (نیوزرپورٹر)کراچی کے حلقہ پی ایس 115 بلدیہ ٹاؤن سے تحریک لبیک پاکستان کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی مفتی محمد قاسم فخری نے بلدیہ ٹاؤن میں کتے کے کاٹنے کی عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے حلقہ کے عوام سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن میں آوارہ اور پاگل کتوں کی بہتات ہو چکی ہے ،جس سے شہریوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہیںحکومت سندھ کو کتا مار مہم کے لئے ادویات فراہم کرنے کا کہا تھا جس پر حکومت کی جانب سے ادویات فراہم کی گئی ہیں مگر وہ ادویات کتا مار مہم کے لئے ناکافی ہیں،اسی طرح بلدیہ ٹاؤن میں سگ گزیدگی سے نمٹنے کے لئے وسائل بھی انتہائی کم ہیںانہوں نے مزید کہا کہ سگ گزیدگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے عوامی شعور اجاگر کرنا انتہائی ضروری ہے۔سگ گزیدگی کا پہلا شکار گلی محلوں میں کھیلنے والے بچے ہوتے ہیں لہٰذا عوام بچوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں نظر آنے والے پاگل اور آوارہ کتوں کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو رپورٹ کریں۔ علاوہ ازیں مفتی محمد قاسم فخری نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ rabiesجیسی مہلک بیماری سے نمٹنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر آوارہ اور پاگل کتوں کا سدباب کیا جائے تا کہ اس مہلک بیماری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔

ای پیپر دی نیشن