اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، اجلاس کا 16نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، سینیٹ انتخابات اور اپوزیشن کے دھرنے پر بھی مشاورت ہوگی۔وفاقی کابینہ اجلاس میں نیشنل بک فائونڈیشن کے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری دی جائے گی جبکہ اجلاس میں ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کے اجرا کی منظوری بھی متوقع ہے۔16نکاتی ایجنڈا کے مطابق اجلاس میں چیئرمین کے پی ٹی کے اضافی چارج کی منظوری متوقع ہے جبکہ سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ای او کے اضافی چارج کی منظوری کا امکان بھی ہے۔ایجنڈا کے مطابق وفاقی کابینہ گیس کی ترقیاتی اسکیموں پر عملدر آمد کا جائزہ لے گی جبکہ اجلاس میں رولز آف بزنس 1973میں ترامیم کی منظوری متوقع ہے۔اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، اس کے علاوہ ای سی سی کے 10مارچ کے فیصلے کی توثیق بھی کی جائے گی۔اداروں کے سربراہان کی خالی اسامیوں پر تقرری کی پیشرفت بریفنگ ایجنڈے میں شامل ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔نقصان میں جانے والے سرکاری اداروں کے فرانزنک آڈٹ کے بارے میں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ سوشل ویلفیئر فنڈ 2021کے استعمال کے لیے رہنما اصولوں کی منظوری بھی متوقع ہے۔