فیصل آباد(آن لائن) یارن کی قلت کی آڑ میں مصنوعی مہنگائی نے پورے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، فیصل آباد کی سوتر منڈی عام طور پر رات آٹھ نو بجے تک بند ہو جاتی تھی مگر اب رات دیر تک کھلی رہتی ہے اور اس دوران سٹے کے ذریعے سوتر کی قیمتوں کو بڑھایا جا تا ہے یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے کامرس کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود کی زوم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سٹا کھیلنے والے جہاں پورے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کا گلہ گھونٹ رہے ہیں وہاں حکومت کو بھی ٹیکسوں کی عدم ادائیگی سے اربوں کا نقصان پہنچارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے حکومت کی اس معاملے میں فوری مداخلت ضروری ہے کیونکہ اگر اس مسئلے کو روکا نہ گیا تو برآمدات میں بڑھتا ہوا رجحان نہ صرف ختم ہو جائے گا ۔