لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا سیاسی جماعتوں کو ملک کے تقدس کا احترام لازمی کرنا چاہیے۔سیاسی رہنمائوں کو چاہیے کہ وہ ملک پاکستان کی خوش حالی اور ترقی کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لائیں اور اس کیلئے اپنے آپ کو وقف کریں۔ مسلم لیگ(ن) کے جاوید لطیف کے بیان سے پاکستان کے ہر باشعور شہری کی دل آزاری ہوئی ہے۔ اس قسم کے بیانات پاکستان کے کسی بھی سیاستدان کو زیب نہیں دیتے۔ کیونکہ پاکستان اب امن اور ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک خوش حالی کی جانب گامزن ہے اور افواج پاکستان نے اس ملک کی ترقی اور امن کی فضا کو قائم کرنے کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ اس وجہ سے آج ہر طرف امن کی فضا قائم ہوئی ہے۔ اس قسم کے بیانات سے بعض سیاسی رہنما اپنے نام نہاد لیڈرز کو تو خوش کرسکتے ہیں مگر ہمارے ملک کی کوئی خدمت نہیں ہوتی۔