اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ موجودہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ہمارا نہیں کسی اور کا تحفہ ہے۔ آرٹس کونسل میں سندھ ادبی میلے کے آخری روز رضا ربانی نے خطاب کیا اور کہا کہ عوام نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں۔ سینٹ میں جو کلائمکس دیکھا اس سے زیادہ ہتک آمیز کچھ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی ہمارا نہیں کسی اور کا تحفہ ہے۔ سیاسی شخصیات کے بجائے اصولوں کو اپنانا ہوگا اور ملک میں مکمل طور پر آئین کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ سینٹ الیکشن اور انٹرنل کارروائی میں فرق ہے۔ مسئلہ سات ووٹ مسترد ہونے کا ہے۔ پریذائیڈنگ افسر کو آخری لمحات میں سامنے لایا گیا۔ صدر پاکستان نے پریذائیڈنگ افسر کو نامزد کیا جو نہیں کرنا چاہئے تھا۔ کسی نیوٹرل شخص کو پریذائیڈنگ افسر بنانا تھا۔ مریم نواز شاید آج گرفتار نہ ہوں۔ نیب نے ضمانت مسترد ہونے کی انوکھی درخواست دی ہے۔