لاہور (نامہ نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کا لانگ مارچ حکومت کو گرا کر ختم ہو گا۔وزراء کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک اور لانگ مارچ کی کال ان کے اعصاب پر سوار ہو چکی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزراء سیاسی کارکنوں پر غداری کے فتوے لگانا بند کریں اور سیاست کا سیاسی میدان میں مقابلہ کریں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کی ایگزیکٹو لانگ مارچ کے حوالے سے اہم فیصلے کریگی۔ وسطی پنجاب کے ہر بڑے شہر سے،ہر ڈویژن، ضلع، تحصیل اور قصبے سے جیالوں کی بہت بڑی تعداد چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کا حصہ بنے گی اور ہم اس حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔
لانگ مارچ حکومت کو گرا کر ختم ہوگا: قمرزمان کائرہ
Mar 15, 2021