چودھری برادران سے اعجاز شاہ ، یار محمد رند کی ملاقاتیں ، جی ڈی اے ، متحدہ رہنما بھی ملے 

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے وفاقی وزیر اعجاز شاہ اور تحریک انصاف کے رہنما سردار یار محمد رند نے ان کی رہائش گاہ پر الگ الگ ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الٰہی اور حافظ عمار یاسر بھی موجود تھے۔ اعجاز شاہ اور یار محمد رند نے شجاعت کی خیریت بھی دریافت کی۔ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، اتحاد اور بلوچستان کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔  پرویزالٰہی نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری نظر ہے جس پر مسلسل مشاورت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ دریں اثناء  چودھری شجاعت حسین اور سپیکر  پرویزالٰہی سے متحدہ قومی موومنٹ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزراء مونس الٰہی، طارق بشیر چیمہ، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین اور حسین الٰہی بھی شریک تھے جبکہ ایم کیو ایم کے وفد میں وسیم اختر، امین الحق، عامر خان اور اظہار الحسن شامل تھے۔ ملاقات میں حکومت کے ساتھ اتحاد، ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دریں اثناء مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کوشش میں ہیں کہ جلد از جلد اور اچھی طرح غور و فکر کے بعد فیصلہ ہو۔ اپوزیشن کی طرف سے آفر ہے‘ ابھی فیصلہ نہیں کیا۔ ملاقاتوں سے جھکاؤ کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ سیاسی جماعتوں کو اہم اخلاقی سپورٹ دے سکتے ہیں۔ چودھری شجاعت کی رہائش گاہ پر حکومتی اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ ق لیگ‘ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق مشترکہ حکمت عملی پر بات ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن