25 ارکان کی ملاقاتیں ، اپوزیشن کے مائنس ہونے کے دن قریب آگئے : عثمان بزدار 

Mar 15, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں 25 سے زائد ارکان قومی وصو بائی اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، ملاقات کرنے والوں میں خواتین اراکین قومی اسمبلی عندلیب عباس، عالیہ حمزہ ملک، سیمی بخاری، ڈاکٹر نوشین حامد، روبینہ جمیل، رخسانہ نوید، شنیلہ روت، مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل نیازی، اراکین قومی اسمبلی راحت امان اللہ، ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ، میجر (ر) طاہر صادق، پیر ظہور قریشی، اورنگ زیب کچھی، صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، حامد یار ہراج، جہانزیب کچھی، اراکین پنجاب اسمبلی مامون تارڑ، سمیع اللہ چودھری اور دیگر شامل تھے۔ خواتین ایم این ایز، مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی، صوبائی وزراء اور دیگر اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا اورکہاکہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پارلیمنٹرینز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈی چوک کا جلسہ گیم چینجر ثابت ہوگا۔ اقتدارکی خاطر اکٹھی ہونے والے اپوزیشن عناصر جلد دست وگریبان ہوں گے۔ تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو شکست دیں گے۔ دریں اثناء پنجاب کے یوم ثقافت پر اپنے پیغام میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کی ثقافت کو بابا فرید الدین گنج شکرؒ، خواجہ غلام فریدؒ ‘ بلھے شاہؒ، وارث شاہؒ اور میاں محمد بخشؒ جیسے عظیم صوفی شعراء نے فروغ دیا۔ صوبہ پنجاب کی ثقافت کا ہر رنگ الگ الگ ہے۔ صوبہ بھر میں محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کلچر ڈے پر رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کررہا ہے۔ عثمان بزدار نے کامیاب جلسہ پر حافظ آباد کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ حافظ آباد کے عوام نے اپنے قائد عمران خان کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کیا اور حافظ آباد میں پی ٹی آئی کا جلسہ تاریخی رہا۔ حافظ آباد کے جلسے نے مخالفین کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن عدم اعتماد کی بند گلی میں پھنس چکی ہے اوراپوزیشن اب فیس سیونگ کی کوشش کر رہی ہے۔ پنجاب کے یوم ثقافت کے حوالے سے وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں شریک مہمانوں کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی گئیں۔ وزیراعلیٰ آفس میں سی آر بی سی کا کنٹرول پنجاب حکومت  کے سپرد کئے جانے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی، عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سردار عثمان بزدار میانوالی کے علاقے واں بھچراں میں پارلیمانی سیکرٹری بلدیات ملک احمد خان بھچرکی رہائش گاہ بھچر ہائوس گئے۔ اور ملک احمد خان بھچرسے ان کے والد ملک جہان خان بھچر کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعاکی۔ عثمان بزدار راولپنڈی میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ کی رہائش گاہ گئے اور بشارت راجہ سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ ہاشم جواں بخت، تیمور بھٹی اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں