لاہور‘ کراچی (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ سپیشل رپورٹر+ نیوز ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب بھر میں کلچرل ڈے منایا گیا۔ آفسز‘ تعلیمی اداروں میں تقریبات ہوئیں‘ روایتی لباس زیب تن کئے گئے۔ چاروں صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ لاہور نے کہا کہ ٹاؤن ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر لاہور/ ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل عمر شیر چٹھہ نے بھی کلچرل ڈے کی مناسبت سے پگڑی اور قمیص و شلوار زیب تن کر رکھی تھی۔ ڈی جی پی آر ہیڈ کوارٹرز میں رنگا رنگ ثقافتی میلہ سجایا گیا۔ ڈھول کی تال پر پنجابی بھنگڑے، بگھی کی سواری، پنجاب کے روایتی کھانوں اور افسران و اہلکاران کی روایتی کرتہ شلوار، پنجابی پگ اور پٹکے زیب تن کر کے تقریب میں شرکت کا اہتمام کیا گیا گیا۔ ڈی جی پی آر ثمن رائے نے کہا کہ پنجابی زبان، کلچر اور تہذیب و ثقافت اپنے اندر خوبصورتیوں کا ایک جہاں سموئے ہوئے ہے۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں رنگارنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ثقافتی واک، سیمینار اور پنجابی میوزک گالا میں طلباء کی بھرپور شرکت۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے ثقافتی واک کی قیادت کی۔ معروف شاعر افضل ساحر اور پروفیسر سعید خاور بھٹہ بھی وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔ میوزک گالا میں طلباء نے ثقافتی رقص پیش کئے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں مرد افسروں نے پنجابی پگ‘ کرتہ شلوار جبکہ خواتین نے ثقافتی لباس کیساتھ پراندا پہن کر ڈیوٹی سرانجام دی۔ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیراہتمام الحمرا آرٹس کونسل میں پنجاب کلچر ڈے کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور تھے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ذوالفقار علی زلفی نے پنجاب کے ثقافتی دن کے موقع پر الحمرا آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ معروف فوک گلوکار سائیں ظہور کی پرفارمنس‘ گدا ‘ لڈی‘ بھنگڑا‘ شاہد عباس نے میاں محمد بخش کا کلام پیش کیا۔ شاہد لوہار نے ڈھول کی تھاپ پر جوگنی پیش کی۔ پنجاب کے کرافٹس کے سٹالز اور لوک موسیقی میں عوام نے دلچسپی لی۔ فوک گلوکار فضل جٹ‘ صائمہ جہاں‘ ساجدہ میمونہ نے روایتی موسیقی سے عوام لطف اندوز ہوئے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض محمد ریاض نے بخوبی احسن نبھائے۔ وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے ہر سال کلچرل ڈے منانے کا عہد کیا۔ تمام بچوں سے بھی ہر سال کلچرل ڈے منانے کا حلف لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کلچرل کمپلیکس میں کلچرل ڈے کی رنگا رنگ تقریب میں وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو اور وزیر سکول ایجوکیشن مرادراس نے خصوصی شرکت کی۔ سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کے شوہر محمود چودھری نے بھی پنجابی کلچر ڈے منا لیا۔ انسٹاگرام پر محمود چودھری نے خصوصی سٹوری شیئر کی۔ محمود چودھری نے اپنی کچھ تصاویر شیئر کیں جو کہ ان کی شادی کی تقریب کے دوران لی گئی تھی۔ پہلی تصویر میں محمود چودھری کے پگڑی باندھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے کیپشن میں انہوں نے ’پنجابی ڈے‘ کی مبارکباد دی۔ سی سی پی او فیاض احمد دیو کی قیادت میں لاہور پولیس اپنے تمام دفاتر، پولیس سٹیشنز اور فیلڈ میں پنجاب کلچر ڈے کی خوشیوں میں بھرپور انداز میں شریک ہوئی۔ سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو نے روایتی پنجابی لباس اور پگ زیب تن کرکے سرکاری امور انجام دیئے۔ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان، ڈی آئی جی سکیورٹی محبوب رشید بھی پنجابی کلچر کے رنگ میں رنگ گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب سمیت پوری قوم کو ثقافتی دن کی مبارکباد‘ پنجاب دریاؤں اور گل و گلزار کی سرزمین ہے‘ ملنسار اور زندہ دل لوگوں کا وطن ہے۔ پنجابی زبان‘ ماہیے‘ ہیر وارث شاہ اور بھنگڑا عظیم ثقافت کے عکس ہیں۔ بھائی چارے‘ برداشت اور رواداری کو فروغ ملتا ہے۔