موجودہ دور میں ایرو اسپیس انڈسٹری کو کلیدی اہمیت حاصل ہے:ایئرچیف

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں نویں پروقار تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا جس میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو جو چیئرمین بورڈ آف گورنرز ائیر یونیورسٹی بھی ہیں، نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرکے فارغ التحصیل ہونے والے کامیاب طلبا و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ تقریب دو دن اور پانچ سیشنز پر محیط تھی جس میں انڈر گریجویٹ کے ساتھ ساتھ ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے 1700ذہین گریجویٹس نے شرکت کی اور مکینیکل، میکیٹرونکس، الیکٹریکل، ایرو اسپیس اور ایروناٹیکل انجینئرنگ سمیت بزنس ایڈمنسٹریشن، اکانٹنگ و فنانس، ادب و لسانیات اور کمپیوٹر سائنس پروگرامز کے شعبوں میں اپنے میڈلز اور ڈگریاں حاصل کیں۔شرکا سے خطاب میں مہمانِ خصوصی ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر شدھو نے کامیاب طلبا و طالبات کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی نے تعلیم و تحقیق اور جدید تکنیکی مہارت پر مبنی ابھرتے شعبہ جات سے متعلق پاک فضائیہ کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی اور ائیر یونیورسٹی کو ان شعبہ جات میں پاکستان ائیر فورس کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اسٹریٹجک اہمیت کی دیگر کاوشوں سمیت سربراہ پاک فضائیہ نے نیشنل ایرو اسپیس ٹیکنالوجی پارک(NASTP) کا بھی ذکر کیا اور اس امر کو اجاگر کیا کہ موجودہ دور میں ایرو اسپیس انڈسٹری کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ وائس چانسلر ائیر یونیورسٹی ائیر مارشل ریٹائرڈ جاوید احمد نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں2468 گریجویٹس کے ساتھ ایئر یونیورسٹی کی تاریخ کے سب سے بڑے کانووکیشن میں خصوصی شرکت پر ائیر چیف کا شکریہ ادا کیا اور جدید تعلیم و تحقیق کے میدان میں ائیر یونیورسٹی کی ان گنت کاوشوں اور کامیابیوں سے انہیں آگاہ کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن