اہلیہ کی شادی کا جوڑا خود تیار نہیں کیا 

Mar 15, 2022

Ambreen Fatima

عنبرین فاطمہ
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژادفرانس کے ڈیزائنر ’’ محمود بھٹی‘‘ جو حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھے ہیںان کی شادی لاہور میں انجام پائی جس میں ان کے عزیزوں سمیت وزیر مملکت فرخ حبیب ،عمران چوہدری اور اداکار جاوید شیخ و دیگر نے شرکت کی ۔ان کی اہلیہ ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں،خوشی کے اس موقع پر ہم نے ان دونوں سے خصوصی گفتگو کی ۔حمیرا بھٹی نے بتایا کہ ہم دونوں کی یہ ارینج میرج ہے محمود بھٹی کی فیملی کی طرف سے یہ رشتہ آیا میرے گھر والوں نے بخوشی ہاں کہہ دی میں شادی سے پہلے ان کو نہیں جانتی تھی جب میرا ان کے ساتھ رشتہ طے ہوا تو اس وقت میں نے ان کے بارے میں جاننے کے لئے یوٹیوب اور گوگل کا سہارا لیا۔میں نے ابھی تک جتنا ان کو جانا ہے یہ دوسروں کا خیال رکھنے والے بہت ہی عاجز انسان ہیں ۔دوسری طرف ایک سوال کے جواب میں محمود بھٹی نے کہا کہ میرے بچوں کو میری شادی پہ اعتراض نہیں تھا بلکہ انہوں نے بھی میری حوصلہ افزائی کی اور وہ اس خوشگوار فیصلے پر خوش ہو گئے۔حمیرا بھٹی نے کہا کہ محمود خود اتنے اچھے انسان ہیں تو یقینا ان کے بچے بھی بہت اچھے ہوں گے اور میں ان کے ساتھ ایک اچھا اور آئیڈل تعلق بنائوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں محمود بھٹی نے کہا کہ ہم دونوں شادی کے موقع پر تو میڈیا میں ایکساتھ نظر آگئے ہیں لیکن اس کے بعد ہم میڈیا پر اس طرح سے اکٹھے کہیں نظر نہیں آئیں گے جب ان سے پوچھا گیا کہ کہیں ایک ساتھ دوبارہ میڈیا پہ نظر نہ آنے کا فیصلہ فیملی پریشر میں تو نہیں کیا تو اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے بس میں چاہتا ہوں کہ میں اپنے کام پر توجہ دوں اور حمیرا اپنے کام پر توجہ دے اس کا کام پڑھنا پڑھانا ہے وہ اسکو جاری رکھے میں اسکو جاب کرنے سے بالکل بھی منع نہیں کروں گا بلکہ جہاں اور جو جیسی میری مدد چاہیے ہو گی یقینا کروں گا۔اسی طرح سے حمیرا بھٹی کاکہنا تھا کہ میں فیشن کو فالو ضرور کرتی ہوں لیکن مجھے فیشن ڈیزائنگ کے کام میں دلچسپی نہیں  نہ ہی میری جمالیاتی حس اتنی اچھی ہے ۔محمود بھٹی نے کہا کہ یقینا حمیرا کی جمالیاتی حس اس طرح سے نہیں ہے جس طرح سے میری ہے لیکن میں ان کی چھپی صلاحیتوں کو کی اجاگر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں آہستہ آہستہ یقینا سمجھ جائیں گی۔میرا گھر اور اس میں کی گئی سجاوٹ میں نے خود کی ہے جو کہ میری بیوی کو بہت پسند بھی آئی ہے،یہاں تک کہ جن کرسیوں پر ہم بیٹھے ہوئے ہیں یہ میں نے خاص کر شادی کے لئے خود ڈیزائن کی ہیں ۔ہم نے جب حمیرا سے سوال کیا کہ آپ نے جو شادی کا جوڑا زیب تن کر رکھا ہے یقینا آپ کے شوہر کا تیار کردہ ہو گا تو انہوں نے کہا کہ محمودنے خود تو تیار نہیں کیا لیکن کسی سے کروا کر دیا ہے محمود بھٹی نے بتایا میں نے اپنے ایک دوست کو گائیڈ کیا کہ مجھے اس طرح کے ڈیزائن میں اس طر ح کے کپڑے پر کام کیساتھ ایسا جوڑا تیار کردو رو اس نے میری ہدایات کے مطابق یہ جوڑا تیار کر دیا جو آج حمیرا پہن کر بیٹھی ہوئی ہیں ۔محمود بھٹی نے مزید کہا کہ ایک دوسرے کے کام کی نقلیں اتارنے کی بجائے اوریجنل کام کرنا چاہیے اور یہاں ایسا سسٹم ہونا چاہیے کہ جو کسی کے کام کی کاپی کرے اسکی پکڑ ہوکاپی رائٹس کے تحت چوری کے سلسلے کو روکا جانا چاہیے،میں نے تو گورنمنٹ سے بھی بہت بار کہا ہے کہ اس مسئلے کو دیکھیں اور کوئی حل نکالیں ،انہوں نے مزید کہا کہ فیشن ڈیزائنر ہوتا ہی وہی ہے جو خود سے تخلیق کرے ۔ہمارے اس سوال پر کہ آپ نے شادی کے لئے پاکستان کی لڑکی کا ہی انتخاب کیوں کیا اس  کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا دیکھی ہوئی ہے اور میں سمجھتا ہوں پاکستانی خواتین وفا کی دیوی ہوتی ہیں یہ اپنے شوہروں کے پیچھے جان دیتی ہیں اس لئے مجھے لگا کہ شادی یہیں ہونی چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں دونوں نے کہا کہ ہم دونوں مل کر فلاحی کام کریں گے غریبوں کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔میں جب بھی پاکستان آتا ہوں آتے ہی سب سے پہلے داتا صاحب دربار پر حاضری دیتا ہوں میرے پاس جب پیسے نہیں ہوتے تھے تو میں داتا صاحب سے جا کر لنگر کھایا کرتا تھا اب جبکہ میرے پاس وسائل ہیں تو میں  وہاں کھانا تقسیم کرکے  اس عقیدت پر دلی اطمینان حاصل کرتا ہوں ۔شادی کے بعد بھی میں سیدھا داتا کے حضور سالم پیش کرنے گیا وہاں دیگیں چڑھائیں ،میں اپنا اصل نہیں بھول سکتا اس لئے میں جہاں اور جن جگہوں پر جاتا تھا آج بھی جاتا ہوں عار محسوس نہیں کرتا۔میں جب کسی کو کہتا ہوں کہ میں لنڈے بازار جا کر کپڑے لاتا ہوں تو لوگ حیران ہو کر پوچھتے ہیں کہ تم لنڈے بازار جاتے ہو تو ان کے حیران ہونے پر مجھے بہت حیرانی ہوتی ہے کہ کیوں میں لنڈے بازار نہیں جا سکتا؟ ۔محمود بھٹی نے کہا کہ حالیہ شادی سے قبل میں نے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ اب جو محبت ہو گی وہ آخری ہو گی لہذا اب میری زندگی حمیرا کے ساتھ ہی گزرے گی یہی میری زندگی کی آخری محبت ہے،اس پر حمیرا نے کہا کہ یہی ان کی لائف ہے اور یہی ان کی وائف ہے،حمیرا بھٹی نے کہا کہ میری فیملی پر رشتہ داروں یا اردگرد کے لوگوں کا پریشر اس لئے بھی نہیں تھا کیونکہ سب جانتے ہیں کہ محمود بھٹی ایک بہت ہی اچھے انسان ہیں اور ان کا ماضی سب کے سامنے ہے میری خوش نصیبی ہے کہ میری شادی ان کے ساتھ ہوئی ہے ۔

مزیدخبریں