کرونا، پاکستان میں شدت کم، چین میں شرح دوسال کی بلند ترین سطح، پر لاک ڈائون

Mar 15, 2022


اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24  گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید2   مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔  462 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 398 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔ پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 309  کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 154 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں مریضوں میں سے 577 کی حالت تشویش ناک ہے،ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح 1.48فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادھر چین میں کرونا کے نئے کیسز کی شرح دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اچانک یومیہ کیسز میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔ چین میں کرونا کیسز کی تعداد 3 ہزار 400 ہو گئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ شینزین ہے جو ٹیکنالوجی حب کہلاتا ہے اور کاروبار کا مرکز ہے۔ شینزین کی آبادی 1 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ہے جو لاک ڈائون کے باعث گھروں میں قید ہو گئے ہیں۔ سابق امریکی صدر بارک اوباما کرونا میں مبتلا ہو گئے۔ بارک اوباما کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، کچھ روز سے معمولی علامات محسوس ہونے پر کرونا ٹیسٹ کروایا تھا۔

مزیدخبریں