لاہور ہائیکورٹ، خسرو بختیار، ہاشم کو کام سے روکنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم


لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر خسرو بختیار اور صوبائی وزیر ہاشم جواں بخت کو کام سے روکنے کے کیس کی جلد سماعت کی درخواست پر رجسٹرار آفس کو کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے وکیل احسن عابد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گذار کی جانب سے مئوقف اپنایا گیا کہ خسرو بجتیار اور ہاشم جواں بخت کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں کیس زیر سماعت ہے۔ خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کا نام پنڈورا پیپرز، سوئس پیپرز میں بھی آیا، خسرو بختیار نے این اے 177 رحیم یار خان اور مخدوم ہاشم جواں بخت نے پی پی 259 رحیم یار خان سے انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔ دونوں بھائیوں نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے اور انہیں ظاہر نہیں کیا۔ خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت صادق اور امین نہیں رہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کو بطور وزیر کام کرنے سے روکا جائے۔

ای پیپر دی نیشن