لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال سرمایہ داروں اور مفاد پرستوں پر اندھے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ عمران خان نے جسٹس وجیہہ الدین صدیقی جیسے دیانت دار لوگوں کو چھوڑ کر لوٹے اور لٹیروں پر انحصار کیا جو اسے مہنگا پڑ چکا ہے۔ ایک دفعہ پھر ثابت ہوگیا ہے کہ نظریاتی جدوجہد کے بجائے روایتی سہارے بیچ منجدار کشتی ڈبونے کا سبب بنتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر العظیم نے کہا کہ پارٹیوں میں وراثتوں کی قیادت نے پاکستان کی جمہوریت کو بچہ جمہورا بنا دیا ہے جو اشاروں پر ناچتا ہے۔ ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بات کرتی ہیں نے کبھی شفاف پارٹی الیکشن کے ذریعے قیادت کا انتخاب نہیں کیا۔ استعمار کے وفاداروں، جاگیرداروں اور لوٹیروں نے ملک کے نظریاتی تشخص، معیشت اور جغرافیا کو تباہ کیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نا کام حکومتوں کی فہرست میں شامل ہو چکی ہے اس لیے جماعت اسلامی فوری انتخابات کی حامی ہے۔ جماعت اسلامی کسی ایسی پارٹی کا ساتھ نہیں دے گی جس نے ملک میں کرپشن کم کرنے کی بجائے بڑھاوا دیا اور مہنگائی اور بے روزگاری کا ایک طوفان برپا کیا۔ قوم سے اپیل ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔