لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد نعمان بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ناتجربہ کار افراد کے لیے تجربہ گاہ نہ بنایا جائے۔کرکٹ بورڈ کی موجودہ انتظامیہ ملکی کرکٹ کے معاملات چلانے کی اہلیت نہیں رکھتی ،تین سال تک احسان مانی اور وسیم خان آمرانہ انداز سے ملک کے مقبول ترین کھیل کے معاملات کو چلاتے رہے، ان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے پاکستان میں ہر سطح کی کرکٹ کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے۔ اگر کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین رمیز راجہ بھی ناکام افراد کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو پھر انہیں گذشتہ تین برس کی ناکامیوں، بدانتظامیوں اور غلط فیصلوں کو ضرور دیکھ لینا چاہیے۔