کراچی (کامرس رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ادریس نے رمضان المبارک سے قبل ملک بھر میں مہنگائی کے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس بلائیں تاکہ گھریلو مصنوعات اور اجناس کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے موئثر حکمت عملی وضع اور سخت اقدامات کیے جا سکیں۔ بصورت دیگر مہنگائی کا سونامی غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دے گا۔ایک بیان میں صدر کے سی سی آئی نے کہا ہے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو مہنگائی کی ایک اور شدید لہر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے قیمتوں میں من مانا اضافہ کرکے مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرکے زیادہ منافع کمانے کیلئے اپنی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ گھریلو مصنوعات کے منافع کی مناسب شرح کیساتھ ساتھ حتمی نرخوں کو مقرر کرکے قیمتوں پر قابو پانے کا موثر طریقہ کار وضع کرنا اور سمجھوتہ کیے بغیر اس کا نفاذ ناگزیر ہو گیا ہے تاکہ پہلے ہی پریشان حال اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو رمضان کے مقدس مہینے میں کچھ ریلیف مل سکے۔ اس مقصد کے لیے کمیٹیاں بنائی جا سکتی ہیں جن میں مارکیٹوں کی ایسوسی ایشنز کو بھی نمائندگی دی جائے۔
رمضان سے قبل ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
Mar 15, 2022