وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو ملائیشیا اور انڈونیشیا کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملائشین ہم منصب سیف الدین عبداللہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔اعلی سطحی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان نقطہ نظر میں ہم آہنگی، دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے،۔وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔