کراچی ٹیسٹ کا چوتھا دن ، پاکستان کے 2 وکٹوں پر 192 رنز، جیت کیلئے 506 رنز کا ہدف

بابر اعظم نے کیریئر کی چھٹی اور آسٹریلیا کیخلاف دوسری سنچری مکمل کرلی

آخری دن پاکستان کو جیت کے لیے 314 رنز درکار

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 506 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق نے میراتھن پارٹنرشپ بناکر چوتھا دن ختم کروادیا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 97 رنز 2 کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کیلئے 506 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب کے لیے پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ ہوا اور محض 2 رنز پر پہلے ٹیسٹ کے مین آف دی میچ امام الحق ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ 21 کے مجموعے پر اظہر علی بھی آوٹ ہوگئے۔ ایسے میں بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے شاندار شراکت بنائی جبکہ قومی ٹیم کے کپتان نے اپنے کیریئر کی چھٹی اور آسٹریلیا کے خلاف دوسری سنچری بھی مکمل کی۔ دن کے اختتام تک دونوں بیٹرز کے درمیان اب تک 358 گیندوں پر 171 رنز کی پارٹنرشپ ہوچکی ہے۔ کپتان بابر اعظم 102 اور عبداللہ شفیق 71 رنز پر ناٹ آوٹ ہیں جو پانچویں دن کھیل کا آغاز کریں گے جبکہ آخری دن پاکستان کو جیت کے لیے 314 رنز درکار ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور مارنوس لابوشین نے گزشتہ روز کی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔چوتھے دن کے ابتدا میں ہی مہمان ٹیم کو 97 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز بنانے والے مارنوس لابوشین کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔مارنوس لابوشین کو شاہین آفریدی نے بولڈ کیا جس کے فوری بعد مہمان کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔آسٹریلیا نے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 505 رنز کی برتری حاصل کر لی  ہے اور پاکستان کو ٹیسٹ جیتنے کیلئے 506 رنز کا ہدف ملا ہے۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ٹیسٹ میں گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی۔آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 556 رنز 9 وکٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

ای پیپر دی نیشن