لاہور (خبر نگار) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال عرف ظلِ شاہ کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔ پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی کارکن کی ہلاکت ہوئی ہے۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اس سے متعلق قانون کیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ٹربیونل آف انکوائریز ایکٹ موجود ہے۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ جوڈیشل کمشن کا دائرہ اختیار حکومت کا ہے۔ کیا آپ نے متعلقہ فورم سے رجوع کیا۔ وکیل نے جواب دیا کہ جی میں نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔ بعدازاں عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔