لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام پنجاب ثقافت دیہاڑ پر صوبہ بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب الحمراء لاہور میں منعقد ہوئی۔ نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر اور وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے الحمراء میں پنجاب ثقافت دیہاڑ کی تقریبات کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزراء عامر میر اور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے ثقافتی ہیروز کی ڈاکومنٹری دیکھی اور رنگ برنگی ثقافتی پرفارمنس سے لطف اندوز ہوئے۔ صوبائی وزیر ثقافت عامر میر نے ماں بولی پنجابی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ثقافت دلکش ثقافتی رنگوں کا خوبصورت امتزاج ہے۔ آج کا دن منانے کا مقصد پنجاب کی خوبصورت ثقافت کے رنگ دنیا کو دکھانا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری سطح پر کلچر ڈے کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پنجاب ثقافت دیہاڑ پر میدانی، پوٹھوہاری اور صحرائی علاقوں کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ پنجاب کی ثقافت، تہوار، کھانے، ملبوسات اور قدیم مقامات اپنے اندر ہزاروں رنگ سموئے ہوئے ہے۔