آبدوز معا ہدہ سرد جنگ کی ذہنیت امریکہ، بر طا نیہ آسٹریلیا خطرہ کا راستہ اختیار کر رہے ، چین

Mar 15, 2023


بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے آبدوز معاہدے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس سکیورٹی ڈیل کو سرد جنگ کی ذہنیت کا شاخسانہ قرار دیدیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے تین مغربی اتحادیوں پر ہتھیاروں کی دوڑ کو بھڑکانے کا الزام لگاتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جوہری پھیلاؤ کے خطرے سے پْر راستے پر نہ چلیں۔ یہ غلطی اور خطرے کا راستہ اختیار کر رہے ہیں۔  امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا کا معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ تینوں ممالک اپنے اپنے جغرافیائی، سیاسی مفادات کی خاطر، عالمی برادریوں کے تحفظات کو مکمل طور پر نظرانداز کر رہے ہیں۔ یہ معاہدہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے مقاصد کی خلاف ورزی ہے جس سے خطے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہوجائے گی۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا نے امریکا سے جوہری توانائی سے چلنے والی 5 آبدوزیں خریدنے اور چین کے مقابلے میں ایشیا پیسیفک میں مغربی ممالک کو مضبوط کرنے کے لیے امریکی اور برطانوی ٹیکنالوجی کے ساتھ ایک نیا ماڈل بنانے کا اعلان کیا۔ آسٹریلیا 18 ماہ قبل آبدوز اتحاد کا حصہ بنا تھا۔ اس سے قبل امریکہ اور برطانیہ اتحاد کا حصہ تھے۔

مزیدخبریں