گورنر پنجاب کی زیرصدارت صحت سے متعلق کنسورشیم اجلاس 

Mar 15, 2023


لاہور ( نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی زیرصدارت صحت کے اوپر بنائے کنسورشیم کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صحت کی تعلیم میں رحجانات کے موضوع پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی شرکت۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کنسورشیم کمیٹی کے ممبران اور پروفیسر خالد مسعود گوندل کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایات کی کہ تمام یونیورسٹی میں طلبا و طالبات کی بہترین کردار سازی پر اقدامات کیے جائیں اور اسے سلیبس کا حصہ بنایا جائےعلاہ ازیںگورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنر ہاﺅس لاہور میں چاول کے بیج کے حوالے سے بنائی گئی رائس سیڈ سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں چاول کے بیج کو بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ چاول ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ کثیر مقدار میں برآمد کر کے سالانہ اربوں روپے کا زرمبادلہ کمانے کا ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو چاول کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ چاول کی برآمدات بڑھانے کے لیے بیج کی کوالٹی بہتر بنانے کے لیے جدید ریسرچ کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں اعلی اقسام کے چاول کی پیداوار اور اس کی برآمدات کو مشترکہ کاوشوں سے فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ رائس سیڈ کمیٹی کی سفارشات پر صوبائی و وفاقی حکومت سے قواعد و ضوابط کو بہتر اور سہل بنانے کے علاوہ ملک میں چاول کا بیج تیار کرنے والے اداروں اور چاول برآمد کرنے والے تاجروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر رائس سیڈ سب کمیٹی کے کنونیئر شہزاد علی ملک نے سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ہائبرڈ بیجوں کو ملک میں تیار کرنے والی نجی سیڈ کمپنیوں کو بیجوں کی افزائش کیلئے سرکاری رقبہ آسان شرائط پر الاٹ کرنے، امپورٹڈ بیج کی مقامی سطح پر افزائش سے متعلق قواعد و ضوابط کو آسان بنانے، مقامی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کے بیج تیار کرنیو الے اداروں کو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کیلئے بلاسود قرضے دینے، چاول کی مقامی سطح پر اعلی اقسام دریافت کرنے والے بریڈرز کی حوصلہ افزائی کیلئے نقد انعامات کی مراعات دینے، بیجوں کی جلد منظوری کیلئے حالیہ قواعد و ضوابط میں ضروری ترامیم کرنے، پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن اور رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کو نیشنل و پنجاب سیڈ کونسل کے علاوہ ورائٹی منظور کرنیو الی VEC کمیٹی میں نمائندگی دینے اور ورائٹی کی منظوری کیلئے کم از کم تین ایکریڈیٹڈ لیبارٹریز سے ٹیسٹ کروانے کی سہولت فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے رائس سیڈ کی برآمدات کیلئے وفاقی وزارت فوڈ سیکورٹی کو عالمی ادارہ OECD سکیم کی جلد ممبر شپ حاصل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔اجلاس میں کنونیئر رائس سیڈ سب کمیٹی شہزاد علی ملک ، رائس سیڈ کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر خالد حمید، محمد عاصم، طاہر سلیمی، پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدر اور ڈاکٹر عابد محمود کے علاوہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کے نمائندوں نے شرکت کی۔دریں اثنا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب علاقائی رسموں رواج اور ثقافتی روایات کا امین ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 مارچ(پنجاب ثقافت دیہاڑ)بھر پور طریقے سے منانے پر حکومت پنجاب مبارکباد کی مستحق ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی تہذیب و ثقافت اپنی خوبصورتی کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مکین پوری دنیا میں مہمان نوازی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ و تمدن ہزاروں سال پر محیط ہے۔

مزیدخبریں