گورنرسندھ سے عالمی محتسب انسٹیٹیوٹ کے صدر کی ملاقات


کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے عالمی محتسب انسٹیٹیوٹ کے صدرChris Field نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔اس موقع پر سندھ کے صوبائی محتسب اعجاز علی خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں محتسب ادارہ کی اہمیت ، کردار،انصاف کی بروقت فراہمی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ نے Chris Field سے گرم جوشی سے مصافحہ کرتے ہوئے انہیں کراچی آمد پر خو ش آمدید کیا ۔گورنرسندھ نے کہا کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے محتسب کی باہمی مشاورت خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ محتسب ادارہ کے قیام سے شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جارہا ہے اس ضمن میں سرکاری محکموں سے متعلق شکایات کے ازالہ سے عوام کا ادارہ پر اعتماد بڑھا ہے جبکہ ضلعی سطح تک اس کا دائرہ کار بڑھانے پر اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔ کرس فیلڈ نے کہا کہ کراچی آکر بے حد خوشی محسوس کررہاہوں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب سندھ کی کارکردگی سراہے جانے کے لائق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی محتسب ادارہ میں 150ممالک کے محتسب شامل ہیں۔ سندھ کے صوبائی محتسب اعجاز علی خان نے کہا کہ اس طرح کے دوروں سے محتسب کے ادارہ کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرس فیلڈ چوتھی مرتبہ اگلے پانچ برس کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن